صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا’ اقراء عزیز

کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکارہ صبا قمر کے کام نے میرے فنی سفر پر گہرا اثر ڈالا ہے۔اقرا عزیز نے صبا قمر کی جانب سے ملنے والی بھرپور پذیرائی پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اقرا عزیز نے صبا قمر کی ایک ویڈیو ری شیئر کی ہے، جس میں صبا قمر ایک تقریب کے دوران اپنی ساتھی اداکارہ کی تعریف کرتی دکھائی دیں اور انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیا۔صبا قمر نے اقرا عزیز کے فن سے وابستگی اور ان کے کام میں نظر آنے والے جذبے اور شدت کو بھی سراہا اور ان کی اداکاری میں موجود لگن اور جذباتی گہرائی کا اعتراف کیا۔صبا قمر کے الفاظ سے متاثر ہو کر اقرا عزیز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے سینئر اداکارہ کے لیے اپنی بھرپور عقیدت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔اقراعزیز نے لکھا کہ آپ کو واقعی اندازہ نہیں کہ آپ کے الفاظ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں، آپ ان بہترین اداکاراں میں سے ایک ہیں جنہیں اس ملک کے لوگوں کو دیکھنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں طویل عرصے سے آپ کو سراہتی آئی ہوں۔مقبول ڈرامہ سیریل سنو چندا کی اداکارہ نے بتایا کہ میں برسوں سے صبا قمر کے کام کو قریب سے دیکھتی آئی ہوں اور خاص طور پر بالی ووڈ فلم ہندی میڈیم میں ان کی اداکاری کو میں نے کئی بار دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہندی میڈیم اتنی مرتبہ دیکھی ہے کہ اب گننا بھی ممکن نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں