سموگ کے خاتمے کیلئے ایپ متعارف

لاہور (بیوروچیف) ٹریفک پولیس نے سموگ کے خاتمے کے لیے عوامی رابطہ مہم کے تحت آفیشل واٹس ایپ نمبر 03225638888متعارف کر و ا دیا ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شہری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز اور تصاویر واٹس ایپ پر ارسال کریں، موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائیگی۔ سموگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنے والے شہریوں کو تعریفی اسناد بھی جاری کی جائیں گی۔سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ماحول آلودہ کرنے والی 14 ہزار 415 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی 5 ہزار 922 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ریت، مٹی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 4 ہزار 241 گاڑیوں کو بھی چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے بھی سموکی گاڑیوں کے خلاف چالاننگ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں