ڈھاکہ (سپورٹس نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے نگار سلطانہ جوتی کو ویمنز ٹیم کی ون ڈے کپتانی سے ہٹائے جانے کی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے تصدیق کر دی ہے کہ وہ دورہ آسٹریلیا میں بھی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے تاہم ایشین گیمز کے دوران نگار سلطانہ کے اچانک ٹی ٹونٹی کپتانی چھوڑنے کے فیصلے کے بعد بورڈ میں نئی قیادت سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔بی سی بی ویمنز ونگ کے چیئرمین رفیق الاسلام بابو نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ نگار سلطانہ ہی آئندہ سیریز میں کپتان رہیں گی۔ واضح رہے کہ نگار سلطانہ 2021 سے ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ دوسری جانب بورڈ نے سینئر کوچ سرور عمران کی جانب سے ایشین گیمز کے بعد دئیے گئے متنازع بیانات پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے تاہم ان کو فی الحال شوکاز نوٹس جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔




