کراچی (بیوروچیف) ملک بھر میں آج تمام کمرشل بینک رات10بجے کھلے رہیں گے جہاں ٹیکس دہندگان اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکیں گے۔ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے احکامات پر ملک بھر میں آج تمام کمرشل بینکوں کی شاخیں رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی، جہاں ٹیکس دہندگان اپنے گوشوارے جمع کرا سکیں گے۔بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات بشمول انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشنز، اے ٹی ایمز اور دیگر آن لائن ذرائع تک بلا تعطل رسائی کو یقینی بنائیں، تاکہ ٹیکس دہندگان آن لائن اپنے سرکاری واجبات اور ٹیکسوں کی ادائیگی کر سکیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی درخواست پر کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ٹیکس دہندگان مقررہ تاریخ (ڈیڈ لائن) سے قبل اپنی سرکاری ادائیگیوں کا عمل مکمل کر سکیں۔بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 ستمبر کو متعلقہ شاخوں کو تب تک فعال رکھیں جب تک کہ ضرورت ہو، تاکہ نیشنل انسٹیٹیوشنل فیسیلی ٹیشن ٹیکنالوجیز (NIFT) کے ذریعے ہونے والے سرکاری لین دین کے لیے اسپیشل کلیئرنگ کے انتظامات کو ممکن بنایا جا سکے۔




