حکومت اور احتجاج کرنیوالے انا، ضد سے نکل جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق رکن پنجاب اسمبلی چودھری شفیق احمد گجر نے کہاہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں لانگ مارچ کی بجائے پی ٹی آئی اورریاست کو بات چیت کرنی چاہئے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بات چیت سے راستہ ضرور نکلتا ہے اس کے لئے ریاست کوپہل کرنی چاہئے انہوں نے کہا کہ پہل ہمیشہ ریا ست کرتی ہے۔حکومت اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندیوں سے نکل جائیں اس سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں پاکستان کوجانی اور مالی نقصانات سے بچانے کی ضرورت ہے-انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھلسا پاکستان کراہ رہا ہے۔ ایک دوسرے کی عزتِ نفس کو تارتار کرنا کم ظرفی ہے، کوئی فخریہ کام نہیں۔ عام آدمی پِس چکا ہے، جینا مشکل ہوچکا ہے۔-مباحثوں، ملاکھڑوں، الزامات، دھینگامشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں۔ پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جاسکتا ہے، نہ روکا جاسکتا ہے۔ لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، اہلِ دل اور اہلِ درد بیدار ہوں، قومی بیداری اور اذانِ حق کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے۔ جو جہاں بھی ہے، اپنی آواز بلند کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں