لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں امپورٹڈ گاڑیو ں کی رجسٹریشن اور ملکیت کی منتقلی سے متعلق نئی پالیسی نافذ کردی گئی ہے، جسکے تحت اب درآمد شدہ گاڑی رجسٹریشن کے فورا بعد کسی دوسرے شخص کے نام منتقل نہیں کی جاسکے گی۔حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت امپورٹڈ گاڑی پہلے صرف اسی شخص کے نام پر رجسٹر ہوگی جس کے نام پر گاڑی درآمد کی گئی ہے۔ گاڑی کی ملکیت کسی دوسرے خریدار کو منتقل کرنے کیلئے ایک سال کا انتظار کرنا ہوگا۔3کیٹگریز میں گاڑیاں امپورٹ ہورہی تھی جس میں ذاتی گفٹ اور ریزیڈنس شامل تھیں،ماضی میں ان کیٹیگریز کے تحت درآمد ہونیوالی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے بعد انہیں فوری طور پر نئے خریدار کے نام منتقل کیا جاسکتا تھا۔، تاہم نئی پالیسی کے بعد فوری ٹرانسفر کا طریقہ کار ختم کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی سکیم کے تحت گاڑی کے اصل درآمد کنندہ کے نام رجسٹریشن کے بعد اسے کسی دوسرے شخص کے نام منتقل کرنے کے لیے ایک سال مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔محکمہ ایکسائز نے نئی ٹرانسفر پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنے سسٹم میں چیک بھی نافذ کردیا ہے، جس کے باعث ایک سال کی مدت مکمل ہونے سے پہلے گاڑی کی ملکیت منتقل نہیں کی جاسکے گی۔حکام کے مطابق پنجاب بھر میں ہونے والی مجموعی گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اوسطا 20 فیصد امپورٹڈ گاڑیاں شامل ہوتی ہیں،نئی پالیسی کے تحت محکمہ ایکسائزکو ریونیو پر بڑے پیمانے پرنقصان ہوگا۔




