مریم نواز کا شہریوں کی سہولت کیلئے ایک اور بڑا قدم

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے مزین موبائل پولیس اسٹیشن وین کا باقاعدہ آغاز کردیا، پنجاب بھر میں 33موبائل پولیس اسٹیشن مختلف اضلاع میں شہریوں کو پولیسنگ کی سہولیا ت ان کی دہلیز تک فراہم کریں گے، جبکہ 6موبائل پولیس اسٹیشن خواتین سے متعلق امور کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے موبائل پولیس اسٹیشن وین کا معائنہ کیا اور اس کی ورکنگ کا مشاہدہ کیا،انہوں نے موبائل پولیس وین میں موجود عملے سے بات چیت کی اور سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ اور خاتون پبلک گائیڈ سے مختلف خدمات اور طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا، سیکرٹری ہوم احمد جاوید قاضی نے وزیراعلی کو موبا ئل پولیس اسٹیشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر موبائل پولیس اسٹیشن وین میں انچارج سب انسپکٹر، فیلڈ سپروائزر، سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ، مرد اور خاتون کانسٹیبل تعینات ہوں گے،موبائل پولیس اسٹیشن وینز شیڈول کے مطا بق یونیورسٹیوں اور گرلز کالجز میں بھی جائیں گی۔، جبکہ 15پر موصول ہونے والی کالز کے ڈیٹا کی بنیاد پر انہیں مختلف علاقوں میں بھیجا جائیگا۔حکام کے مطابق ہر موبائل پولیس اسٹیشن وین میں پولیس سے متعلق 14مختلف اقسام کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔، شہری یہاں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست، آن لائن ای ٹیگنگ، گمشدگی کی رپورٹ، مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ، کرایہ داروں اور نجی ملازمین کا اندراج اور پولیس و کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق جیسی سہولیات حاصل کرسکیں گے۔موبائل پولیس اسٹیشن وین میں لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید، ڈپلیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، شہری شناختی کارڈ، چیک بک اور دیگر اہم دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ بھی فوری درج کرا سکیں گے۔بریفنگ کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشن سرکاری ایس او پیز کے تحت تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم کے ذریعے کام کرے گا، ایک سب انسپکٹر موبائل یونٹ کے انچارج کی حیثیت سے فرائض انجام دے گا، جبکہ متعلقہ ایس ایچ او اور بیٹ افسر آپریشن کی نگرانی کے لیے موقع پر موجود رہیں گے، سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ آئی ٹی آپریشنز، ڈیجیٹل ڈیٹا بیس اور آن لائن ڈیٹا اندراجات کا انتظام کرے گا، جبکہ مرد اور خاتون کانسٹیبل شہریوں کو رہنمائی اور سہولت فراہم کریں گے۔حکام نے بتایا کہ شہری فوری قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست دے سکیں گے، جس کے عوض آن لائن ای ٹیگ جاری کیا جائے گا، ایف آئی آر ایس آئی پی ایس (اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن) کی ہدایات کے مطابق درج کی جائے گی۔موبائل پولیس اسٹیشن وینز کی آمد کا شیڈول سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کیا جائے گا، جبکہ وین کی آمد سے قبل متعلقہ علاقے کی مساجد میں اعلانات بھی کیے جائیں گے۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ موبائل پولیس اسٹیشنز کا مقصد پولیسنگ کی خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے،ان کے مطابق جدید موبائل پولیس اسٹیشنز کے ذریعے شہریوں کو عزت و وقار کے ساتھ پولیسنگ کی سہولیات براہ راست فراہم ہوں گی اور عوام و پولیس کے درمیان فاصلہ کم ہوگا۔وزیراعلی نے کہا کہ موبائل پولیس اسٹیشنز کے دور دراز علاقوں تک پہنچنے سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات کی بھی بچت ہوگی، انہوں نے بتایا کہ پنک موبائل پولیس اسٹیشن میں خواتین کے لیے مخصوص عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو متعلقہ پولیسنگ خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کی جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں