اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کر دی ہے۔ رینجرز 15 اکتوبر تک اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تعینات رہے گی، اس سے قبل وفاقی حکومت نے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری 5 اکتوبر تک دی تھی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد، اٹک، راولپنڈی اور جہلم میں رینجرز کے اہلکار موجود ہیں، جبکہ میانوالی، لاہور اور دیگر علاقوں میں بھی رینجرز کو الرٹ پوزیشن میں رکھا گیا ہے۔حکومت کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ انتشار یا پرتشدد کارروائی کو روکنے کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔دوسری جانب کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے میں بھی امن و امان اور ملک میں کسی بھی قسم کی پرتشدد کارروائی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔




