ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کی رجسٹریشن اور تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر حاکم خان نے کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم راحیلہ جمیل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر صائمہ النساانجم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور یونیورسٹی نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کی رجسٹریشن اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایلیمنٹری سے انٹرکالجز تک کے طلبہ و طالبات 18مختلف کھیلوں میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔، جبکہ خصوصی تعلیم کے اداروں اور مدارس کے طلبہ کو بھی یوتھ گیمز میں شرکت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اب تک 2196 میل طلبہ، 1520 فیمیل طلبہ جبکہ خصوصی طلبہ میں سے 119طلبہ مختلف کھیلوں کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر حاکم خان نے متعلقہ افسران کو طلبہ میں یوتھ گیمز کی رجسٹریشن کے حوالے سے بھرپور آگاہی اور حوصلہ افزائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ اور منتظمین سے بھی رابطہ کرکے انہیں یوتھ گیمز میں شرکت کے مواقع سے آگاہ کیا جائے۔




