مقدس شخصیات کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ملک میںمختلف ذرائع سے فرقہ وارانہ مواد اور متنازعہ لٹریچر عام ہونے کی شکایات موجود ہیںجبکہ سوشل میڈیا پر بھی ایسا مواد گردش کررہا ہے جو مذہبی اشتعا ل اور باہمی کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔ پیغام پاکستان کی کوششوں کو دانستہ طور پر سپوتاز کیا جارہا ہے۔ متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پورے کرتے ہوئے متنازع مواد کے خلاف قانون کے مطابق روک تھام اور نگرانی کو یقینی بنائیں۔ اگر کوئی بھی فرد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صحابہ و اہل بیت کے خلاف نفرت انگیز مواد شائع، تقسیم یا سوشل میڈیا پر پھیلاتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام، اہل بیت ہمارے ایمان اور عقیدے کا اہم حصہ ہے۔ مقدس شخصیات کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ ایسے معاملات میں کارروائی قانون اور ریاستی اداروں کے مقررہ طریقہ ء کار کے مطابق ہونی چاہئے تاکہ امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں