فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آوارہ کتوں نے ماں باپ’ تینوں بچوں سمیت 7افراد کو کاٹ کر لہولہان کر دیا’ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 75 ج ب کا رہائشی زاہد حسین’ اپنی اہلیہ رضیہ سلطانہ اور بچوں 10 سالہ علیزہ’ 8سالہ شناور اور 7 سالہ خرم کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ اچانک گلی میں گھومنے والے آوارہ کتوں نے ان پر حملہ کر دیا اور ان کے جسم کے مختلف حصوں پر کاٹ کر لہولہان کر دیا، شور سن کر محلہ دار راشد ولد غلام رسول اورمومن ولد طاہر چھڑانے کیلئے آگے بڑھے تو آوارہ کتوں نے ان کو بھی کاٹ کر زخمی کر دیا۔ بعدازاں مذکورہ افراد کو طبی افراد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے مرہم پٹی کرتے ہوئے علاج معالجہ شروع کر دیا۔ محکمہ صحت کے عملہ نے خاموشی اختیار کر لی۔ شہری حلقوں نے آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر عمران حامد شیخ’ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔




