امریکہ، 30ڈالر میں خریدی گئی پینٹنگ 13لاکھ ڈالر میں نیلام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک اسٹیٹ سیل سے صرف 30ڈالر میں خریدی گئی پینٹنگ 1.35ملین ڈالر میں نیلام ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکاگو کی معروف مصورہ گرٹروڈ ایبرکرومبی کی 1951 میں بنائی گئی پینٹنگ ایلڈرمین مریمز شیلز کئی دہائیوں سے نظروں سے اوجھل تھی۔یہ پینٹنگ رواں سال جولائی میں امریکی ریاست مشی گن کے شہر کالامازو میں ایک اسٹیٹ سیل کے دوران خزانے تلاش کرنے کے شوقین شخص نے محض 30 ڈالر میں خریدی تھی۔بعدازاں جب ماہرین نے اس کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ یہ گرٹروڈ ایبرکرومبی کا طویل عرصے سے گمشدہ فن پارہ ہے۔پینٹنگ کو نیلامی کیلئے پیش کیا گیا تو اس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ سے ڈھائی لاکھ ڈالر کے درمیان رہنے کی توقع کی جارہی تھی، تاہم بولی توقعات سے کہیں آگے نکل گئی اور بالآخر یہ 1.35ملین ڈالر میں فروخت ہوئی۔یہ قیمت گرٹروڈ ایبرکرومبی کی کسی بھی پینٹنگ کیلئے اب تک ادا کی جانے والی سب سے زیادہ رقم بن گئی۔ماہرین کے مطابق مصورہ نے یہ پینٹنگ 1952 میں مشی گن کے ایک ڈاکٹر جان رینالڈز کو طبی علاج کے بدلے تحفے میں دی تھی۔ تقریبا 75سال تک یہ فن پارہ ان کے خاندان کے پاس رہا جس کے بعد اسے سٹیٹ سیل میں فروخت کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں