موسمیاتی تبدیلیوں سے انگور کے باغات بھی متاثر،پیداوار میں40فیصد کمی

کوئٹہ (نامہ نگار) کبھی اگست کے آخری دنوں میں کوئٹہ کے انگور کے باغات میں صبح کے وقت پتوں پر اوس کے قطرے اور فضا میں خنکی ہوتی تھی، لیکن بدلتے موسم نے اب اس منظر کو تبدیل کردیا ہے۔ شدید گرمی، بارشوں میں کمی اور پانی کی قلت کے باعث قمبرانی روڈ سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سالوں پرانے انگور کے باغات کی پیداوار متاثر ہورہی ہے، جبکہ بعض باغبانوں کے مطابق رواں سیزن میں پیداوار میں 30سے 40فیصد تک کمی ہوئی ہے۔قمبرانی روڈ پر واقع ایک قدیم انگور کے باغ کے مالک ملک محمد یونس شاہوانی کہتے ہیں کہ ان کے خاندان کی اس باغ سے وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے، مگر موسمی حالات میں آنے والی تبدیلی نے اب ان باغات کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ان کے مطابق پہلے اگست کے آخر میں صبح کے وقت شدید خنکی ہوتی تھی اور انگور کے پتوں پر اوس جمی نظر آتی تھی، لیکن اب اسی موسم میں شدید گرمی نے باغات کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔باغبان ملک محمد یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موسمی حالات کی غیر یقینی صورتحال کے باعث انگور کی بیلیں خشک ہورہی ہیں، جبکہ کیڑے مکوڑوں کا حملہ بھی بڑھ گیا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے برسوں میں کئی قدیم انگور کے باغات کا وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں