22ارب کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ آئندہ سال مکمل ہوگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت اور فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے اشتراک سے 22ارب روپے کی لاگت سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ جون2027 میں مکمل جس کی بدولت30ملین گیلن پانی روزانہ واسا فیصل آباد کے سسٹم میں شامل ہوگااور 6لاکھ سے زائد دیہی علاقوں کے عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم ہو گا۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے آواگت کے مقام پر سائٹ کا دورہ کیا اور پائپ لائن بچھانے کے جاری کاموں کا جائزہ لیا ۔ مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا اور فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے منصوبہ کی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔ایم ڈی نے بتایا کہ فیصل آباد کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی اور یہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے۔انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے پانی کی فراہمی 30 فیصد تک بڑھ جائے گی۔پراجیکٹ پر تعمیراتی کام چینی انجینئرز اور ماہرین کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے اور تعمیراتی کام تسلی بخش ہے۔کمشنر نے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ واساکے زیر انتظام واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ایک میگا پراجیکٹ ہے جو عوامی فلاح بہبود کا انقلابی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے دیہی آبادیوں کو صاف پینے کا پانی فراہم ہو گا۔کمشنر نے مکوآنہ میں پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ بھی کیا۔قبل ازیں انہوں نے جھال خانوانہ میں جائیکا کے تعاون سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔ایم ڈی نے بتایا کہ 5 ملین گیلن روزانہ سے 2 لاکھ سے زائد آبادی پینے کے پانی سے مستفید ہو رہی ہے۔پراجیکٹ مکمل اور واسا فیصل آباد کے ہینڈ اوور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں