سرگودھا( بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم مہم 2026ـ27 اور سموگ و ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کی مہم 2026ـ27 کے حوالے سے ڈویژنل کمیٹیوں کی کارکردگی، اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلا س میں خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سرگودھا، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ڈائریکٹر زراعت توسیع، ایس ای انہار، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز EPA، سیکرٹریز ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔گندم مہم 2026ـ27 کے حوالے سے ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بریفنگ دیتے ہوئے گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف، کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی، معیاری بیج و زرعی مداخل کی دستیابی، آبپاشی اور دیگر متعلقہ امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔ گندم مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور ضلعی انتظامیہ و محکمہ زراعت کے درمیان قریبی رابطہ یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کسان کارڈ کے تحت جاری رقوم کی ریکوری کا عمل فوری طور پر مکمل کرنے اور اس حوالے سے مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانیکی ہدایت بھی کی۔سموگ کے تدارک کی مہم 2026ـ27 کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر EPA نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، سموگ کے اسباب کی روک تھام اور مختلف متعلقہ محکموں کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ فصلوں کی باقیات جلانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، صنعتی اخراج اور آلودگی کے دیگر ذرائع کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔




