لاہور (بیوروچیف) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف بیرئیر ہٹانے کے دہشتگردی کے مقدمے میں وکلا کی ملزمان سے جیل میں ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری، ایڈووکیٹ ریاست علی آزاد اور ایڈووکیٹ ایمل خان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریاست علی آزاد، زینب جنجوعہ اور ایمل خان کی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے جیل میں ملاقات کرانے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت ریاست علی آزاد نے کہا کہ اگر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے ملاقات نہیں ہوگی تو وہ مقدمہ کیسے آگے چلائیں گے۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ دہشت گردی کے قانون میں درج ہے کہ ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے۔




