سرگودھا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، بچہ وارڈ، نرسری، ڈائیلسز وارڈ اور رحمت اللعالمین بلاک سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی معائینہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، دستیابی اور فرائض کی انجام دہی کا جائزہ لیا، جبکہ ایمرجنسی سروسز، سکیورٹی انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بھی چیک کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نصب فائر ہائیڈرنٹس کی فعالیت اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری یقینی بنائی جائے، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور بروقت علاج معالجے کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے، ایمرجنسی سروسز کو ہر وقت فعال رکھا جائے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی سمیت تمام انتظامی امور کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر سیفٹی آلات اور ہائیڈرنٹس کی فعالیت بھی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو محفوظ ماحول میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ا س موقع پر ایم ایس ڈاکٹر سہیل خواجہ بھی موجود تھے۔




