فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حکومتی فیصلے کی تائید اور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے یہ ایک اہم اقدام ہے۔موجودہ حالات میں قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ اور بروقت فیصلہ کیا گیا ہے جس کی اشد ضرورت تھی۔مرکزی علماء کونسل پاکستان کے قائدین نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے غیر معمولی سنجیدگی اور موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اس لئے عوام کی سلامتی کے معاملے میں صوبہ میں ایمرجنسی کا نفاذ وقت کی اہم ترین ضرورت تھی۔خیبر پختونخواہ کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہاں کی عوام پائیدار امن، تحفظ، ترقی و استحکام کی مستحق ہے۔مرکزی علماء کونسل نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پائیدار امن کا قیام صرف صوبے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے ناگزیز ہے۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام کو تحفظ حاصل ہو گا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔




