فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چالاک ملزم بیوپاری سے لاکھوں کے مویشی لیکر رفوچکر ہو گیا، بدلے میں چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم قمر عباس کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ سیٹلائٹ ٹائون کے رہائشی صہیب صدیق نے بٹالہ کالونی پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کا بیوپار کرتا ہوں، اس کا جاننے والا قمر عباس ولد صدیق اکثر اوقات نقد اور ادھار جانور خریدتا رہتا تھا، کچھ عرصہ قبل ملزم قمر عباس سے لاکھوں روپے مالیت کی تین بھینس’ 2 کٹے اور بچھڑا ادھار لیکر گیا واپس نہ آیا، بعدازاں رقم کا مطالبہ کیا تو ملزم لیت ولعل کے بعد رقم دینے سے انکاری ہو گیا، تاہم بڑی مشکل سے بدلے میں چیک دیا جو کہ مقررہ تاریخ کو کیش نہ ہو سکا۔ جس پر پولیس کو اطلاع کی تو بٹالہ کالونی پولیس نے جعلی چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔




