لاہور (بیوروچیف) لاہور کے 111 سرکار ی سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کے تحت انرولمنٹ ٹارگٹ تاحال صفر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر سی ای او ایجوکیشن لاہور نے تمام 111 سکولوں کے سربراہان کی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مطابق سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے باعث والدین اپنے بچوں کو داخل کروانے سے گریز کرتے ہیں، جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی بھی انرولمنٹ ٹارگٹ پورا نہ ہونے کی ایک اہم وجہ ہے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے الزام عائد کیا ہے کہ بیشتر اساتذہ اور درجہ چہارم کے ملازمین عارضی ڈیوٹیوں کی آڑ میں سکولوں سے غیر حاضر ہیں ۔ انکا کہنا ہے کہ درجہ چہارم کے ملازمین اور اساتذہ کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سی ای او ایجوکیشن، ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کے دفاتر میں تعینات کیا گیا ہے، جس کے باعث سکولوں میں عملے کی کمی کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔111 سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ ٹارگٹ صفر رہنے کے معاملے پر سکول سربراہان کی میٹنگ طلب کر لی گئی ہے، جس میں داخلہ مہم کی صورت حال اور ٹارگٹ پورا نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔




