اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان اور روس نے منظم جرائم، منشیات اور سائبر کرائم کیخلاف تعاو ن بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سیروسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں منظم جرائم کی روک تھام اورمعلومات کیتبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیاگیا،اینٹی نارکو ٹکس فورس اور روس کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس جلد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔ملاقات میں پاکستان سے روس ہنرمندافرادی قوت بھیجنے،سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ویزا حصول آسان بنانے، سائبرکرائم کی روک تھام اور پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور روسی پولیس اکیڈمی کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ منظم جرائم کی روک تھام کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ویزا نظام میں آسانی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا،پاکستان سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ روسی وزیرداخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے کہا کہ روس نے موثر اقدامات کے ذریعے سائبر کرائم میں کمی لائی ہے،دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔




