دبئی(سپورٹس نیوز) ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی پلیئر آکشن میں یو اے ای کے مقامی کھلاڑیوں پر فرنچائزز کے بڑھتے اعتماد نے اماراتی کرکٹ کے مستقبل کیلئے نیا جوش پیدا کر دیا ہے، ایم آئی ایمریٹس نے محمد وسیم کو رائٹ ٹو میچ آپشن کے ذریعے 2 لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر میں برقرار رکھا، جو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں کسی یو اے ای کھلاڑی کے لیے سب سے بڑی رقم ہے۔محمد وسیم کی ریکارڈ سائننگ کو یو اے ای کرکٹ کے لیے ایک فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے اس اعتماد پر وہ بے حد شکر گزار ہیں، یہ ان کے سفر، محنت اور یو اے ای کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس اعتماد کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے، اور وہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں،آکشن میں صرف محمد وسیم ہی نہیں بلکہ دیگر یو اے ای کھلاڑی بھی نمایاں رہے، ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے علیشان شرفو کو ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر اور محمد روحید کو 95 ہزار ڈالر میں حاصل کیا جبکہ دبئی کیپٹلز نے آیان خان کو 95 ہزار ڈالر میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، ڈیزرٹ وائپرز نے خزیمہ بن تنویر کو 75 ہزار ڈالر اور وریتیا اروند کو 70 ہزار ڈالر میں سائن کیا۔محمد وسیم کا آئی ایل ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ بھی شاندار ہے، وہ ایم آئی ایمریٹس کے لیے 46 میچز میں 1,241 رنز بنا چکے ہیں اور لیگ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، ان کے 68 چھکے بھی لیگ میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیںجبکہ گزشتہ سیزن میں وہ بہترین یو اے ای کھلاڑی کے طور پر بلیو بیلٹ بھی جیت چکے ہیں۔علیشان شرفو، جو مسلسل چوتھے سیزن میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے، نے کہا کہ یو اے ای کھلاڑیوں پر اس سطح کی سرمایہ کاری نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑا حوصلہ ہے، ان کے مطابق ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی نے مقامی کھلاڑیوں کو عالمی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔




