فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سرکردہ راہنما اور سابق نائب ناظم’ معروف صنعتکار جمسا انڈسٹری کے مالک اشرف قادری کے جواں سالہ بیٹے ریحان اشرف کے قاتل ڈاکو پکڑے نہ جا سکے، شہر میں سوگ کی فضا’ کاروباری برادری خوف وہراس میں مبتلا’ سیاستدانوں’ کاروباری شخصیات’ سرکاری افسران’ عمائدین شہر کی جانب سے اظہار تعزیت کیلئے ان کے گھر کینال روڈ کینال پارک میں لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ تفصیل کے مطابق چناب کلب سے گاڑی چوری کے تعاقب میں جانے پر مسلح ڈاکوئوں نے جڑانوالہ روڈ پر بندوخان ہوٹل کے باہر گولی مار کر صنعتکار ریحان اشرف کو قتل کر دیا تھا۔ ریحان اشرف کے قتل پر شہر میں سوگ کی فضا برقرار’ تاجر برادری میں قاتل ڈاکو پکڑے نہ جانے پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ تاہم سینیٹر چوہدری عابد شیر علی’ ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے سوگوار خاندان کے گھر کینال پارک جا کر اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قاتلوں کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ کاروباری شخصیات’ عمائدین شہر کا اظہار افسوس کے لیے تانتا بندھا رہا۔ سی پی او تنویر حسین نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریحان اشرف کے قتل پر مختلف پہلوئوں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کرینگے۔ تاہم نمازجنازہ آج بعدازنمازظہر گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈی گرائونڈ کی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعدادنے شرکت کی اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ اپنے حبیبۖ کے صدقے مرحوم کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، (آمین)۔




