فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن اور نقش آرٹسٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے اشتراک سے 21ویں سالانہ قرآنی خطاطی کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کیا۔ نمائش میں 250سے زائد کیلگرافرز کے فن پارے رکھے گئے۔ کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ قرآنی خطاطی امت مسلمہ کا قابل قدر ورثہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف خطاط حضرات کو اپنے فن کے اظہار اور روحانی تسکین کے مواقع حاصل ہوتے ہیں بلکہ قرآن پاک کی عظمت کو بھی اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔کمشنر نے ملک بھر سے آئے ہوئے خطاط حضرات کے ہاتھ سے تیار کردہ فن پارے دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔ایونٹس کی بدولت ابھرتے ہوئے خطاط کی حوصلہ افزائی کے علاوہ انہیں اپنے سینئرز کے کام کو دیکھ کر مزیدسیکھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل عمران رضا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زہرہ بتول بھی موجود تھے جنہوں نے نمائش میں حصہ لینے والے تمام کیلگرافرز کی حوصلہ افزائی کی۔آرگنائزرز گلزار بٹ،سلامت علی ودیگر بھی موجود تھے۔




