اسلام آباد(بیورو چیف) پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری احتجاج کے معاملے پر حکومتی ٹیموں کے ساتھ مذاکرات کا امکان پیدا ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان آئندہ 2روز میں ملاقات کا امکان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان بھی ملاقات رواں ہفتے متوقع ہے جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے معاملات پر بات ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے واضح ریلیف نہ دینے کی صورت میں جماعت اسلامی نے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق یہ طے پایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور حافظ نعیم کی ملاقات میں واضح ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ ہوگا۔ذرائع کے مطابق دوبارہ لانگ مارچ کا فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں کیاگیا ہے۔ لانگ مارچ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے پہلے ہفتے میں ہوگا،ٹھوس اورواضح ریلیف ملنے کی صورت میں ہی حکومت سے مزید بات چیت ہوگی۔




