ساہیوال(بیورو چیف) چنگ چی رکشوں ، آٹو رکشوں لوڈر رکشوں کے شورودھوئیں، اور فحاش قسم کے گانوں سے شہری انتہائی پریشان ہوگئے،کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز بغیرروٹ پرمٹ اور بغیر لائسنس کے خطرناک طریقے سے رکشے چلاتے نظر آتے ہیں اور حادثات کے باعث انسانی زندگیوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔شہر کے اندرونی علاقوں باہر والا اڈا،جوگی چوک،ہائی سٹریٹ،صدر چوک،جہاز چوک،کالج چوک،مشن چوک،تحصیل چوک،پاکپتن چوک سمیت دیگر درجنوں مقامات پر ہمہ وقت درجنوں موٹرسائیکلیں، چنگ چی رکشے کے اڈے نظر آتے ہیں۔سڑکوں کے کناروں پر جگہ جگہ چنگ چی رکشے کھڑے کرکے ٹریفک کے بہائو میں مسائل پیدا کئے جارہے ہیں، بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رکشوں کے شور و دھوئیں سے شہری بہرے پن،دمے،ٹی بی کے مرض اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔اس حوالے سے ان مخصوص جگہوں پر ڈیوٹیاں کرنے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار بھی ڈیوٹی سے عاری نظر آتے ہیں،موٹر وہیکل عملہ رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے ان سے معاملات طے کرکے ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔شہریوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، آر پی او ساہیوال، ڈی پی او ساہیوال،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس،ڈی سی ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں چلنے والے غیر قانونی رکشوں کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے جبکہ غفلت کے مرتکب ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔




