فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے سب سے قدیم اور ممتاز نجی لا کالج، فیصل آباد کالج آف لا (FCL) میں ایل ایل بی کے نئے داخل ہونیوالے بیچ 2026-2030کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں چیئر مین عامر یوسف، چیئرمین ظلِ عاطف، فیکلٹی ممبر مس ایمن مشتاق، سینئر اساتذہ کرام، اور طلبا وطالبات ، کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔تقریب کے دوران ڈیجیٹل سکرین پر کالج کی تاریخ اور اہداف کے حوالے سے خصوصی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ فیصل آباد کالج آف لا کا قیام سال 2013 میں عمل میں آیا، جو یونیورسٹی آف پنجاب، لاہور سے الحاق شدہ ہے۔ یہ فیصل آباد کا سب سے قدیم پرائیویٹ لا کالج ہے۔ اب تک 3 سالہ کورس کے 5 بیچ اور 5 سالہ کے 4 بیچ، کل 9 بیچز فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ اب تک 800 سے زائد طلبا فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جن میں سے 600 سے زائد وکلا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد میں پریکٹس کر رہے ہیں۔چیئرمین ظلِ عاطف اور چیئرمین عامر یوسف نے کہا کہ وکالت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ مظلوم کی آواز اور انصاف کی علامت ہے۔ انہوں نے نئے طلبا کو تلقین کی کہ وہ اپنی 4 سالہ تعلیم کے دوران محنت، دیانت اور تحقیق کو اپنا شعار بنائیں۔نئے بیچ کے طلبا نے کالج کے شاندار ماضی، بہترین فیکلٹی اور نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عزم کیا کہ وہ کالج کا نام روشن کریں گے۔




