تعمیراتی میٹریل کے معیار میں شفافیت کو مقدم رکھا جائے،آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) ٹیسٹنگ لیبارٹری میں رواں مالی سال کے دوران اب تک عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مختلف نوعیت کے میٹریل کے 400سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جن سے ادارے کو تقریباً 10لاکھ روپے کا ریونیو حاصل ہوا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک بریفنگ سیشن کے دوران بتائی گئی جس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا. بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر انسپکشن/پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو لیبارٹری کی کارکردگی، تعمیراتی میٹریل کے تجزیاتی ٹیسٹوں، جدید سہولیات کی فراہمی اور ٹیسٹنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، سب انجینئر احسن محبوب و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر انسپکشن نے بتایا کہ ایف ڈی اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، جہاں اعلیٰ معیار کی اٹلی سے درآمد شدہ مشینری اور تربیت یافتہ عملے کی زیر نگرانی تعمیراتی میٹریل کے مختلف ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ لیبارٹری کی خدمات سرکاری اداروں کے علاوہ نجی کمپنیوں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ دیگر فریقین کے لیے بھی دستیاب ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ڈی اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کی تجزیاتی رپورٹس کے معیار اور قابل اعتماد ہونے کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ فیصل آباد میں مختلف منصوبوں پر خدمات انجام دینے والے جاپانی اور دیگر ممالک کے انجینئرز بھی تعمیراتی میٹریل کے تجزیے کے لیے اس لیبارٹری کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی طرح نجی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے ٹیسٹ بھی یہاں کیے جا رہے ہیں، جس سے لیبارٹری کی افادیت اور پیشہ ورانہ ساکھ میں اضافہ ہو رہا ہے. ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ٹیسٹنگ لیبارٹری کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل کے تجزیے میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور تکنیکی درستگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل کا استعمال پائیدار انفراسٹرکچر کی بنیاد ہے، لہذا تعمیراتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے جدید سائنسی طریقوں کے مطابق میٹریل کی جانچ پڑتال انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لیبارٹری کی استعداد کار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادے اور ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے جدت سے ہم آہنگ مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری و نجی شعبے کے تعمیراتی منصوبوں کو معیاری اور قابل اعتماد تجزیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ لیبارٹری کی خدمات کو مزید وسعت دے کر اس کی کارکردگی اور ریونیو میں اضافہ کیا جائے اور ٹیسٹنگ رپورٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے کی جانب سے ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری، دستیاب وسائل کے موثر استعمال اور آمدن میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ ایف ڈی اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا کر تعمیراتی شعبے میں معیار، اعتماد اور پائیداری کے فروغ میں موثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں