اسلام آباد(بیورو چیف)اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے شیشہ کیفیز پر پابندی سے متعلق تحریری فیصلہ جاری ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شیشہ کیفیز کے خلاف جاری کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو کریک ڈائون میں تیزی لانے اور عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفیز کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران عدالتی احکامات کے تحت بڑی تعداد میں کیفیز کو سیل کرنے کے ساتھ سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔ ای الیون، بحریہ سوک سینٹر سمیت اسلام آباد کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ آنے کے بعد شیشہ کیفیز کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ تعاون نہ کرنے والے شیشہ کیفے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔




