اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں نکلیں اور گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کریں

سرگودھا (بیوروچیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز چوہدری محمد اکمل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف اقدامات پر مؤثر عملدرآمد، پرائس کنٹرول میں بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ناقص کارکردگی پر متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز خود فیلڈ میں نکلیں اور گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کریں ۔ یہ ہدایات انہوں نے ضلعی محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں واسا، ستھرا پنجاب، پی ایچ اے، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اے ڈی سی ایم ایس نے واضح کیا کہ غیر ضروری سیلنگ کسی صور ت برداشت نہیں کی جائیگی اور پرائس کنٹرول کے ہفتہ وار اہداف کے حصول کے لیے کمزور کارکردگی کے حامل افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کھلے مین ہولز کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔ اے ڈی سی نے واسا حکام کو شہر بھر میں مین ہولز کو فوری طور پر کور کرنے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے طبی مراکز کی انسپیکشن، آوارہ کتوں کی تلفی اور متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے، وال چاکنگ کے خلاف کارروائیوں، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی نگرانی، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور اسٹریٹ لائٹس کی انسپیکشن سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چوہدری محمد اکمل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں