کینو کے کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ ملنا چاہیے

سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری کی زیر صدارت کینو کے نرخ مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں کینو کی پیداواری لاگت، فصل کے معیار، کاشتکارو ں کی محنت اور فیکٹری مالکان و ایکسپورٹر ز کے کاروبار ی اخراجات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زرا عت، مارکیٹ کمیٹی کے نمائندگان، کینو کے کاشتکاروں، فیکٹری مالکان، ایکسپورٹرز اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی اور اپنے مؤقف پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کینو کی فصل کی تیاری میں کاشتکار پورا سال محنت اور سرمایہ صرف کرتے ہیں، اس لیے انہیں ان کی محنت اور اخراجات کے مطابق مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔ اسی طرح کینو کی خرید و فروخت، پراسیسنگ اور برآمد سے وابستہ فیکٹری مالکان اور ایکسپورٹرز کے مفادات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقصد کسی ایک فریق کو فائدہ پہنچانا یا کسی دوسرے کو نقصان سے دوچار کرنا نہیں۔، بلکہ ایسا متوازن اور منصفانہ نرخ مقرر کرنا ہے جس سے کاشتکاروں، فیکٹری مالکان اور ایکسپورٹرز سمیت تمام متعلقہ فریقین کے جائز مفادات کا تحفظ ہو۔ اجلاس میں تمام فریقین کی تجاویز اور باہمی مشاورت کی روشنی میں کینو کے نرخ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے، جو نرخوں کی پابندی کی نگرانی کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں