ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انسدادِ سموگ کارروائیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ ہفتے کے دوران محکمہ ماحولیات نے 65 بھٹوں کی انسپکشن کی، جن میں سے 11پر ماحولیا تی قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں ۔ خلاف ورزیوں پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر نے کے علاوہ ایک بھٹہ سیل اور پانچ بھٹے مسمار کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انسدادِ سموگ کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ ماحولیات، صحت، زراعت، پولیس، ٹرانسپورٹ، اطلاعات، ہائی وے، سوشل ویلفیئر اور میونسپل اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسدادِ سموگ اقدامات، ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد اور عوامی آگاہی مہم کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صنعتی یونٹس کی نگرانی کے دوران نو یونٹس کی انسپکشن کی گئی۔ دھویں کے اخراج کی روک تھام کے لیے 20 باربی کیو پوائنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے ایک کو نوٹس جاری کیا گیا جبکہ دو پوائنٹس سیل کیے گئے۔ مزید برآں، 13 باربی کیو پوائنٹس پر دھویں کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے سکشن ہڈ سسٹم نصب کروائے گئے۔محکمہ زراعت کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال اگست کے بعد فصلوں کی باقیات جلانے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ انسدادِ سموگ کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کے تحت 541مساجد میں دو مرتبہ اعلانات کروائے گئے، جبکہ 7,273کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے مضر اثرات اور متبادل طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ مہم کے دوران پانچ ہزار پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اور چاروں تحصیلوں میں نمبردار کنونشنز منعقد کیے گئے۔اسی طرح عوامی آگاہی کے لیے 50 پینا فلیکس آویزاں کیے گئے، سکولوں اور کالجوں میں 16 آگاہی سیمینارز جبکہ کاشتکاروں کے لیے 15 فارمر سیمینارز منعقد کیے گئے ۔




