لاہور (بیورو چیف)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت شہریوں کے تحفظ، جرائم کے تدارک اور پٹرولنگ کے امور کا جائزہ لینے کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر میں پٹرولنگ بڑھانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ضلعی پولیس سربراہان کو رات کے اوقات میں جرائم کے تدارک کے لیے نائٹ پٹرولنگ مزید سخت اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ تمام پٹرولنگ گاڑیوں میں ہر صورت کل تک ٹریکرز نصب کیے جائیں۔ انہوں نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے دفاتر میں گاڑیوں کی ٹریکنگ اور پٹرولنگ کی خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز، ایس پیز سمیت سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں پٹرولنگ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولنگ کے امور میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں غفلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے تمام سینئر پولیس افسران کو تھانوں کے خود دورے کرنے اور فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ روم سمیت تمام امور کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، آر پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی موجود تھے، جبکہ سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔




