حادثات کی روک تھام کیلئے کمرشل ڈرائیورز کے حوالے سے اہم فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) لاہورمیں خونی حادثات کی روک تھام کیلئے کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کیحوالے سے اہم فیصلہ ہوگیا۔لاہور میں رجسٹرڈ کل گاڑیوں کی 4فیصد کمرشل گاڑیاں جان لیوا حادثات میں 44فیصد ملوث ہیں،اس لئے ٹرالرز اور ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ہر سال میڈیکل بورڈ سے طبی معائنہ کروانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نیکمرشل ڈرائیورز کے لائسنس کی تجدید کے لیے میڈیکل کے ساتھ ساتھ سی آر او ریکارڈ لازمی کرنے کی تجویز دے د ی ۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کی کلر بلائنڈنس اور نفسیاتی کیفیت کی جانچ بھی سالانہ بنیادوں پر ہوگی،ڈرائیورز کے بلڈ ٹیسٹ اور مکمل طبی معائنے کے بعد میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق نیند کی کمی اور مختلف بیماریوں کے باعث ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیورز کے ہوش و حواس متاثر ہوجاتے ہیں ، ڈرائیورز کی طبی و نفسیاتی جانچ کا مقصد حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔حکام کے مطابق لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی مجموعی تعداد 82لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔،ٹریکٹر ٹرالیاں مجموعی گاڑیوں کا صرف 0.7 فیصد، لیکن حادثات میں ان کی شمولیت 10 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے،ٹرک اور ڈمپرز مجموعی گاڑیوں کا صرف 0.6 فیصد جبکہ حادثات میں ان کی شمولیت 11 فیصد رہی ہے،اسی طرح مزدا گاڑیاں مجموعی گاڑیوں کا 0.8 فیصد جبکہ حادثات میں ان کی شمولیت 8 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں