عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے معاشی اور سماجی ترقی کیلئے اہمیت رکھتے ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد اسلام نے ریڈیو پاکستان فیصل آباد کا دورہ کیا۔ اسٹیشن ڈائریکٹر تابندہ اقبال اور پروگرام پروڈیوسر عمران حسن موجود تھے ۔ خواجہ محمد اسلام نے ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے حالاتِ حاضرہ کے پروگرام رابطہ میں شرکت کی۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، ملک کی ترقی میں فیصل آباد کی اہمیت اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے معاشی اور سماجی ترقی کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔انہوں نے ملکی ترقی میں صنعتی شہر فیصل آباد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ شہر کی صنعتی سرگرمیاں، کاروباری شعبہ اور محنت کش طبقہ قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی صنعتی و تجارتی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرکے ملکی ترقی کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔خواجہ محمد اسلام نے فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترقیاتی سرگرمیاں اہم ہیں۔سابق رکن پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے مختلف ادوار میں ملکی ترقی کے لئے نئے اقدامات اور منصوبے متعارف کرائے۔ ان کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد ملک میں ترقی کے نئے راستے کھولنا، عوامی ضروریات کو پورا کرنا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں