سرگودھا ڈویژن سے گندم کی سمگلنگ کو ہر صورت روکا جائے،کمشنر

سرگودھا ( بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں گندم اور آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام، آٹے کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اور محکمہ خوراک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آر پی او سرگودھا سہیل اختر سکھیرا ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور باقی تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، آر او سپیشل برا نچ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور تمام ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز (ڈی ایف سیز) نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ سرگودھا ڈویژن سے گندم کی سمگلنگ کو ہر صورت سختی سے روکا جائے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں محکمہ خوراک، پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکار بھی شامل ہیں، جو گندم کی نقل و حمل اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کریں گے۔ انہوں نے میانوالی اور بھکر کی انتظامیہ کو خصوصی ہدا یت کی کہ وہ اپنے سرحدی علاقوں پر کڑی نظر رکھیں اور گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنایا جائے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ اگر محکمہ خوراک کا کوئی ملازم گندم کی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بلاامتیاز فوری کارروائی کی جائے۔حافظ شوکت علی نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے اور اب صرف 10 اور 15 کلوگرام کے تھیلے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی مقرر کردہ دکانوں پر 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ عوام کو آٹا مقررہ نرخ پر دستیاب ہو۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی پرمٹ کلیئرنس کے بغیر گندم یا آٹے سے لدی کوئی گاڑی ڈویژن سے باہر نہ جانے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو آٹے کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، اس لیے متعلقہ افسران فیلڈ میں مؤثر نگرانی کریں۔اس موقع پر آر پی او سرگودھا سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اینٹی سمگلنگ ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس کے دوران چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں گندم و آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام، نگرانی کے اقدامات اور آٹے کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں