لنڈا بازار میں کوئی چیز پسند آ جائے تو اسے خریدنے سے نہیں ہچکچاتی’ اسما عباس

کراچی (شوبز نیوز)سینئر اداکارہ اسما عباس نے نوجوان نسل میں مہنگے برانڈز کے بڑھتے شوق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میرا خاندان آج بھی لنڈا بازار سے کپڑے خریدتا ہے۔اسما عباس نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔ انہوں نے مہنگے برانڈز کی نمائش کے بڑھتے رجحان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل اپنی چیزوں کو ان کے نام کے بجائے برانڈز سے پہچانتی ہے، لوگ یہ کہنے کے بجائے کہ یہ میرا بیگ ہے، بتاتے ہیں کہ ان کا بیگ کس مخصوص برانڈ کا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برانڈز کے نام کس قدر اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ اب تو جرابوں پر بھی نائیکی جیسے برانڈ کا نام نمایاں ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے تاکہ دوسروں کو معلوم ہو سکے کہ وہ کس کمپنی کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس رجحان نے چیزوں کے انتخاب کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنا دیا ہے۔اسما عباس نے بتایا کہ میری عادات آج بھی پہلے جیسی ہیں اور میں اتوار بازار سے خریداری کرتی ہوں، میں اپنے بچوں کی تربیت بھی اسی انداز میں کرتی رہی ہوں کہ لباس یا کسی چیز کی اہمیت اس کے مہنگے برانڈ سے نہیں بلکہ اس کے معیار اور پسند سے ہونی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ اگر مجھے بھی لنڈا بازار میں کوئی چیز پسند آ جائے تو میں وہاں سے بھی خریداری کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں