رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی،فیسکو نے17.4ارب منافع حاصل کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کی رہنمائی میں فیسکو نے مالی سال 2026-27کی پہلی سہ ماہی نیپرا کے مقرر کردہ مالیاتی اور آپریشنل اہداف حاصل کرتے ہوئے 17.4 ارب روپے منافع حاصل کیا جس میںماہ ستمبر 2026 کا12.5 ارب روپے منافع بھی شامل ہے۔ اس دوران کمپنی کی آپریشنل کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئی۔ آپریشنل کارکردگی، مالیاتی نظم و ضبط اور ٹیم کی کارکردگی پاکستان کے بجلی کی تقسیم کے شعبے میں فیسکو کی نمایاں حیثیت کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔کمپنی کے کارکردگی اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ لائن لاسز نیپرا کے مقررہ ہدف5.97 فیصد کے مقابلے میں2.39 فیصد رہے، جو مقررہ ہدف سے3.58 فیصد کم ہیں۔ فیسکو نے ستمبر 2026 تک نیپرا کاپروگریسو لائن لاسز کا8.7 فیصدکا ہدف بھی حاصل کیا۔ یہ نتائج تقسیمی نظام میں تکنیکی اور کمرشل نقصانات پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔کمپنی نے فیلڈ فارمیشنز کی مربوط کارروائیوں،مسلسل نگرانی اور موثر مالیاتی کنٹرول کے ذریعے ریکوری کے شعبے میں بھی اپنی کارکردگی برقرار رکھی۔ مستقل منقطع کنکشنوں کے نادہندگان کے ذمہ واجبات میں ستمبر 2025 کے مقابلے میں 226.85 ملین روپے کی کمی ہوئی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر نے ان نتائج پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی موثر مالیاتی انتظام، بہتر آپریشنل نگرانی اور ملازمین کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کمپنی کے اہداف کے حصول میں انتظامیہ، افسران اور فیلڈ سٹاف کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم ورک کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی، واجبات کی وصولی، آپریشنل کارکردگی، شفافیت اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی فیسکو کی اولین ترجیحات رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے اور کارکردگی و خدمات کے معیار میں پائیدار بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں