فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات محترمہ کنول لیاقت نے سیف سٹی فیصل آباد پی پی آئی سی تھری سنٹر کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سیف سٹی فیصل آباد کی ٹیم کی جانب سے جدید سرویلنس سسٹم، جرائم کی روک تھام کے میکنزم اور سمارٹ اربن سیفٹی انفراسٹرکچر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی فیصل آباد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعدد جدید منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی، ورچوئل بلڈ بینک، ای چالان سسٹم، ویمن سیفٹی ایپ، پی ایس سی اے پبلک سیفٹی ایپ اور نیکسٹ جین سیفٹی ایپ شامل ہیں۔اس موقع پر سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی نگرانی کے حوالے سے بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) کے اشتراک سے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ سموگ فری پنجاب مہم کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور آلودگی پھیلانے والے دیگر ذرائع کے خلاف بروقت کارروائی کے لیے سیف سٹی کیمرے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات محترمہ کنول لیاقت نے سیف سٹی فیصل آباد کی جدید ٹیکنالوجی، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول فریم ورک اور عوامی تحفظ، ماحولیاتی تحفظ اور سمارٹ پولیسنگ کے فروغ میں اس کے نمایاں کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں مزید موثر ثابت ہوگا۔




