وزیراعلیٰ نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی منظوری دیدی

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے جون 2027تک 5734 واٹرفلٹریشن پلانٹ مکمل کرنے کا ہدف دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سونپ دی، اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں گلی محلے میں موجود واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلئے عوامی کمیٹی قائم ہوگی، ہر تحصیل میں واٹرفلٹریشن پلانٹس کی مرمت وبحالی کے لئے موبائل مینٹیننس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیاواٹر فلٹریشن پلانٹ موبائل ورکشاپ میں پلمبر اور دیگر ٹیکنیکل سٹاف متعین ہو گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی منظوری بھی دی، لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کے تحت چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پانی مہیا کیا جائے گا، چکوال میں 256 کلومیٹر اور راجن پور میں 1780 کلومیٹر تک واٹر سپلائی پراجیکٹ ترجیح بنے گا۔مریم نواز نے کہا کہ صاف پانی عوام کا حق ہے اور ہر فرد کو صاف پانی ضرورملے گا، پنجاب میں پہلی مرتبہ گھروں تک صاف پانی پہنچانے کا شرف ملنے پر شکر بجالاتے ہیں، چکوال، راجن پور اور پنڈی کے بعد دیگر علاقوں میں بھی واٹر سپلائی سکیمیں لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں