21ویں سالانہ 5روزہ خطاطی نمائش اختتام پذیر ہوگئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد آرٹس کونسل اور نقش آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے21ویں سالانہ5روزہ خطاطی نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔نمائش میں نقش آرٹسٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ 200سے زائد فنکاروں نے اپنی خطاطی کے فن پارے پیش کئے جس میں قرآنی آیات اور نعتیہ کلام کو انتہائی خوبصورتی سے تحریر کیا گیا تھا۔ فن پاروں کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔فیصل آباد کے مختلف سکولوں کے150سے زائد طلبا و طالبات کے درمیان خطاطی کے مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بچوں نے عشقِ رسول ۖ کے اظہار کے لئے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل عمران رضا نے مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل میں اسلامی فنِ خطاطی سے محبت پیدا کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اس مقدس فن کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زہرہ بتول،اسد حیات اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔تقریب میں فنکاروں، اساتذہ، والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں