ٹریفک حادثات میں2میاں بیوی سمیت7افراد جاں بحق،14زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک کے دو المناک حادثات میں دو میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق’ 8 شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں جبکہ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ انٹرچینج ایم فور کے قریب کوسٹر نمبری TAN-82 مریدکے سے عزیز خان کی بارات لیکر 106 ج ب کچھیاں برنالہ آ رہی تھی کہ تیز رفتار کوسٹر فیڈمک کے قریب کار کو اوورٹیک کرتے ہوئے کار پر الٹ گئی، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی تو کار سوار فیملیز کو باہر نکالا تو 50سالہ رفاقت علی’ اسکی 45سالہ اہلیہ شبانہ بی بی سکنہ واہ کینٹ اور 54 سالہ آصف ظہور اور اسکی 50سالہ اہلیہ مسرت بی بی سکنہ راولپنڈی زندگی کی بازی ہار چکے تھے جبکہ کوسٹر ڈرائیور 50سالہ اختر علی ولد غلام رسول بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ کوسٹر میں سوار باراتیوں میں 50سالہ اکبر خان’ 25سالہ محمد ایوب’ 20سالہ فرزانہ’ 5سالہ رانی’ 8سالہ علی حسن’ 6 سالہ علی اصغر’ 5سالہ علی احمد اور 3 سالہ خدیجہ بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کی غرض سے فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا، کار بری طرح تباہ ہو گئی۔ جبکہ دوسرا حادثہ مکوآنہ بائی پاس روڈ پر یو ای ٹی کیمپس کھرڑیانوالہ کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 60سالہ محمد انور ولد نذیر احمد زندگی کی بازی ہار گیا۔ حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ 160 رب بانگے والا کے قریب تیز رفتار بس اور ڈمپر میں ٹکر لگنے سے ایک مسافر جاں بحق جبکہ 7 بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ 160 رب کے قریب بس فیصل آباد آ رہی تھی کہ جب وہ بنگا کے قریب پہنچی تو تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے باعث بس میں سوار متعدد مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو ایک مسافر جاں بحق جبکہ دیگر زخمی تھے، جنہیں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن حافظ شعیب ولد اسلم سکنہ 47 رب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دیگر زخمیوں میں 75سالہ زاہد عباس ولد عابد حسین’ 30 سالہ عمر فاروق ولد یعقوب’ 35سالہ علی رضا ولد شبیر’ 48سالہ امداد حسین ولد غلام حسین’ 32سالہ فیضان ولد غلام رسول’ 19سالہ عدیل عباس ولد ناصر علی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جبکہ دیگر کو مرہم پٹی کرتے ہوئے موقع پر طبی امداد فراہم کی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں