جڑانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں میں عوامی شراکت داری کو فروغ دینا اصل کامیابی ہے

جڑانوالہ (نامہ نگار) معروف سیاسی و سماجی رہنما کاشف اعوان کی رہائش گاہ پر شہر کے معتبر اور مقتدر افراد کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی اور بلدیاتی الیکشن کے تناظر میں ہونے والی اس پر وقار نشست کا بنیادی مقصد شہر کی ترقی، مسائل کے حل اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک جامع اور موثر منشور کی تشکیل تھا۔اس موقع پر حلقے کے سینئر سیاستدان اور سابق ناظم ملک ندیم اختر اعوان، جو اس علاقے کی سیاسی و سماجی صورتحال کا گہرا ادراک اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں، نے خصوصا علاقے کی بہتری، عوامی فلاح اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔علاوہ ازیں ملک نعیم وفا، وحید الرحمان بھٹی اور سہیل چوہدری نے شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے انتہائی قیمتی تجاویز پیش کیں جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔نشست کے دوران شہر کی موجودہ صورتحال، عوامی مشکلات اور ان کے پائیدار حل کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے کاشف اعوان کے عزم کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت،عامتہ الناس کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہی کامیابی کا اصل راستہ ہے۔اس موقع پر تمام معزز مہمانوں نے کاشف اعوان کے جذبے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ اجتماع باہمی اتحاد، مشاورت اور جڑانوالہ کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں