فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت حسب معمول شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے انفرادی و اجتماعی مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور محکمانہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی. ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے اور تجاوزات کے خاتمے سمیت قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے جائیدادوں کے وراثتی انتقالات کے اندراج میں تاخیر ختم کرنے، عدالتی ڈگریوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے اور دیگر محکمانہ معاملات کو جلد نمٹانے پر بھی زور دیا۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے چاہئیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق بروقت کارروائی ہونی چاہیے۔ محکمانہ امور میں غفلت، بددیانتی یا کام چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے ملازمین سے سخت باز پرس ہوگی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں عملے کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہر کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے شکایات کا موقع نہیں ملنا چاہیے، جبکہ زیر التوا معاملات کو بلاجواز طول دینے کے بجائے فوری نمٹایا جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی براہ راست شنوائی کا مقصد ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے حل کے لیے موثر اقدامات یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شفافیت، میرٹ اور جواب دہی کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔




