لاہور(بیوروچیف) وزیراعظم کے مشیر ہارو ن اختر خان نے کہا ہے کہ کمپنی ایکٹ میں 170 ترامیم کی جا رہی ہیں اور جلد بل منظور ہو جائے گا جسکے بعد پاکستان میں کمپنی بنانا اور اسے چلانا دنیا کے دیگر ممالک کی طرح آسان ہو جائے گا ، پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کی حکومتوں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید وسیع کیا جا سکے۔ نوے شاہراہ پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی ہے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے وژن کے تحت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا فورم قائم کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ دبئی سے نکلنے والا سرمایہ کسی دوسرے ملک جانے کے بجائے پاکستان واپس آ رہا ہے خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کی صورت میں اس کے اثرات سامنے آ رہے ہیں ۔پاکستان میں اگلا انقلاب بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے شعبے میں آنے والا ہے، جو توانائی کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت ہمیشہ صنعت اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے ،صنعت دوست نظام متعارف کرانا اور اسے فروغ دینا حکومت کا مشن ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے دو سال قبل ای بزنس پر کام شروع کیا تھا ون ونڈو آپریشن کے تحت اب تک 2لاکھ 10ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے ایک لاکھ سے زائد منظور کی جا چکی ہیں۔




