لاہور (شوبز نیوز) پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل شدید مصروفیت اور صحت پر پڑنے والے منفی دبا کے باعث عارضی طور پر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔دانیال ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب اپنی برداشت اور ہمت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران وہ مسلسل سفر میں رہے ہیں اور ان کے لیے کسی ایک جگہ پر چند دن سے زیادہ قیام کرنا بھی محال ہو گیا تھا۔گلوکار کا کہنا تھا کہ بیک وقت اداکاری اور موسیقی جیسے دو مختلف اور محنت طلب شعبوں میں کام کرنا انتہائی کٹھن ہے، اور اس تھکا دینے والے معمول نے بالآخر ان کی صحت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔دانیال نے واضح کیا کہ ڈاکٹرز اور حالات کے پیشِ نظر انہیں فی الحال اپنی صحت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، اس لیے وہ کچھ عرصے کے لیے اپنی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں معطل کر رہے ہیں تاکہ مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں۔واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں دو ڈراموں میں مرکزی کردار نبھا چکے ہیں، جبکہ وہ اپنے نئے آنے والے اسٹوڈیو البم اسٹورمز اینڈ سیرنیٹی کی تشہیر میں بھی مصروف تھے۔




