ملتان (نامہ نگار)موٹروے پولیس ایم فائیو نے شجاع آباد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گندم کی ترسیل ناکام بنا دی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق کارروا ئی کے دوران چیچہ وطنی سے کراچی منتقل کی جانے والی 38ٹن گندم سے لدا ٹریلر پکڑ لیا گیا، جس کی مالیت 33لاکھ 50ہزار روپے سے زائد بتائی گئی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی اطلاع پر بیٹ 23ملتان کے افسران نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایم فائیو موٹروے پر لوکیشن 735 ایس بی کے قریب گندم سے لدے ٹریلر کو روک لیا، ٹریلر میں 38ٹن گندم چیچہ وطنی سے کراچی منتقل کی جا رہی تھی۔کارروائی میں سب انسپکٹر توقیر ناصر اور کانسٹیبل حافظ عبدالرف نے حصہ لیا، جبکہ انسپکٹر محمد شفیق اشرف اور ہیڈ کانسٹیبل منور عباس بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر رانا ساجد نون کی موجودگی میں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔مزید برآں موٹروے پولیس نے گندم سے لدے ٹریلر اور اس کے ڈرائیور کو مزید قانونی کارروائی کے لیے محکمہ خوراک کے حوالے کر دیا۔




