فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حرمین شریفین کی حرمت پوری امت مسلمہ کے ایمان و عقیدت کا مرکز ہے۔ مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمیمرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت پوری امت مسلمہ کے ایمان، عقیدت اور روحانی وابستگی کا مرکز ہے۔ مقدس مقامات کو خطرے میں ڈالنے والا کوئی بھی اقدام دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری اُمت مسلمہ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان مقدس مقامات کی سلامتی کو یقینی بنانا تمام مسلمانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب میزائل داغنے کی کسی بھی کوشش کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔، کیونکہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور عالمی سطح پر مسلمانوں میں اضطراب پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ دو ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور عقائد کا احترام کیا جانا چاہیے۔ حرمین شریفین صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری اُمت مسلمہ کیلئے عقیدت و احترام کا مرکز ہیں۔ اس لئے ان کی سلامتی اور حرمت کے تحفظ کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جانی چاہیے۔




