پنجاب حکومت کاماحول دوست اقدام،سرکاری افسران کو مرحلہ وار الیکٹرک وہیکلز ملیں گی

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اقدام، سرکاری گاڑیاں الیکٹرک وہیکلز پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔لاہور: پنجاب حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈیزل اور پٹرول سے چلنے والی نئی سرکاری گاڑیاں نہ خریدنے اور تمام سرکاری گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک وہیکلز (ای وی) پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ کو سرکاری گاڑیوں کی الیکٹرک وہیکلز پر منتقلی کے حوالے سے ٹاسک تفویض کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ سرکاری افسران کے زیرِ استعمال گاڑیوں کا جامع ڈیٹا بیس بھی تیار کرے گا تاکہ منتقلی کے عمل کو مثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔حکومتِ پنجاب نے لاہور میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 236چارجنگ پوا ئنٹس قائم کرنے کے حوالے سے ورکنگ مکمل کر لی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت چارجنگ انفراسٹر کچر کے فروغ کے لیے سبسڈی دینے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔، جبکہ چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے والے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی پیکیج مرتب کیا جائے گا۔حکومتی منصوبے کے تحت لاہور میں چارجنگ پوائنٹس کی تنصیب سے نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ ملے گا بلکہ انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ روزگار کے سینکڑوں نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔پنجاب حکومت کے اس اقدام کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ، پٹرولیم مصنوعات پر انحصار میں کمی اور صاف ستھرے ماحول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں