27اکتوبر کو بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں بھی 27اکتوبر کو کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی جانب سے یوم سیاہ کے حوالے سے پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا جس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ پاک اسٹڈیز کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما رفیق، شعبہ ماس کمیونیکیشن کے سربراہ ڈاکٹر او یس ستار، انٹرنیشنل ریلیشنز پروگرام کے ہیڈ ڈاکٹر نوید انجم اور شعبہ قانون کے کوآرڈینیٹر حسن جاوید ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے اویس ستار کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح بھارتی قابض فوج نے کشمیر کی زمین پر کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی ہے۔ ہزاروں نوجوانوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ظل ہما رفیق کی جانب سے آج کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈاکٹر نوید انجم نے طلبا و طالبات کو بتایا کہ کس طرح عالمی برادری نے کشمیر کے موضع سے نظریں چرائی ہوئی ہیں۔ حسن جاوید ایڈوکیٹ کی جانب سے کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے طلبا کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ حاضرین کی جانب سے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں